بجلی کی قیمت میں 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے، جس سے صارفین پر 32 ارب 70 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑ سکتا ہے۔ نیپرا میں سی پی پی اے کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں عالمی مارکیٹ میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کو بجلی مہنگی کرنے کی وجہ قرار دیا گیا۔
بجلی صارفین کے لیے ایک اور مہنگائی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، کیونکہ بجلی کی قیمت میں 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست پر نیپرا میں سماعت ہوئی ہے۔ درخواست منظور ہونے کی صورت میں صارفین پر 32 ارب 70 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
سماعت کے دوران سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کے حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ عالمی مارکیٹ میں آر ایل این جی سمیت تمام ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ کوئلہ بھی 15 ڈالر فی ٹن مہنگا ہوگیا ہے۔
حکام کے مطابق آر ایل این جی کے اسپاٹ کارگوز کی قیمت 28 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تک پہنچ چکی ہے۔ مہنگی بولیاں موصول ہونے کے باعث ایل این جی اسپاٹ کارگوز کی خریداری کا عمل منسوخ کردیا گیا۔
سی پی پی اے حکام نے بتایا کہ اسپاٹ کارگوز کے لیے 27 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی بولی موصول ہوئی تھی، تاہم دیگر اخراجات شامل کرنے کے بعد اس کی لاگت 33 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تک پہنچ رہی تھی۔
حکام کے مطابق ایندھن کی لاگت میں اضافے کے باعث بجلی مہنگی کرنے کی درخواست دائر کی گئی ہے۔
سی پی پی اے نے ستمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دے رکھی ہے۔ نیپرا کی جانب سے درخواست منظور ہونے پر صارفین کو مجموعی طور پر 32 ارب 70 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑ سکتا ہے۔