اسکردو کے علاقے مدینہ کالونی کے قریب ایک ہی خاندان کے چار افراد کو قتل کر دیا گیا، جن میں میاں بیوی اور ان کے دو کمسن بچے شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق مقتولین میں 35 سالہ اسلم، ان کی 30 سالہ اہلیہ ہانیہ اور پانچ سالہ اور ڈھائی سالہ دو بچے شامل ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق اسلم اور ہانیہ نے تقریباً سات سال قبل کورٹ میرج کی تھی۔ اسلم کا تعلق روندو جبکہ ہانیہ کا تعلق پاراچنار سے بتایا جاتا ہے۔
پولیس واقعے کو غیرت کے نام پر قتل سمیت مختلف پہلوؤں سے دیکھ رہی ہے، جبکہ مقتول کے اہلِ خانہ نے قتل کا الزام سسرالی رشتہ داروں پر عائد کیا ہے۔ تاہم قتل کی اصل وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین تحقیقات کے بعد ہوگا۔
واقعے کے بعد پولیس نے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندی کرکے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری اور واقعے کے حقائق سامنے لانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ اس واقعے سے علاقے میں خوف و ہراس اور شدید تشویش پھیل گئی ہے۔