کرپٹو کرنسی کے تجارتی پلیٹ فارم بائنانس نے سائبر حملے سے متاثرہ صارفین کے نقصانات پورے کرنے اور ان کے اثاثوں کی بحالی کے لیے 6 ارب 34 کروڑ ڈالر سے زائد مختص کرنے کا اعلان کردیا۔ کمپنی کے مطابق تقریباً 3 ارب ڈالر کے اثاثے پہلے ہی منجمد کیے جا چکے ہیں، جبکہ متاثرہ ٹوکنز کی صورت میں 5 ارب ڈالر کے اثاثے بھی موجود ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق بائنانس صارفین کے فنڈز کی عوامی سطح پر تصدیق اپنے پروف آف ریزروز نظام کے ذریعے کرے گا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ سائبر حملے سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لیے مختص کی گئی رقم اس کے اپنے مالی وسائل سے فراہم کی جائے گی۔
بائنانس کے مطابق کرپٹو انڈسٹری کے شراکت داروں کے تعاون سے تقریباً 3 ارب ڈالر کے اثاثے منجمد کیے جا چکے ہیں۔ ان اثاثوں کی بازیابی کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کام جاری ہے۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ نقصانات پورے کرنے کے لیے مختص کیے گئے 6 ارب 34 کروڑ ڈالر سے زائد کے مالی وسائل میں منجمد یا محفوظ کیے گئے اثاثے شامل نہیں ہیں۔
بائنانس کا کہنا ہے کہ ان اثاثوں کی بازیابی اور تصدیق کا عمل بھی جاری ہے۔