ورلڈ بینک نے سندھ میں پراپرٹی ٹیکس وصولی اور بلدیاتی خدمات بہتر بنانے کے لیے 15 کروڑ ڈالر کے پروگرام کی منظوری دے دی، جس سے کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہری علاقوں کے لاکھوں افراد مستفید ہوں گے۔
ورلڈ بینک کے مطابق پروگرام کے تحت کراچی کی سالانہ پراپرٹی ٹیکس وصولی 85 لاکھ ڈالر سے بڑھا کر 8 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ پراپرٹی ٹیکس ادائیگی کی شرح 20 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد کی جائے گی، جبکہ کراچی کی 25 بلدیاتی کونسلز پروگرام سے مستفید ہوں گی۔
ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ کراچی کی 25 بلدیاتی کونسلز کے 35 لاکھ 80 ہزار شہری اس پروگرام سے فائدہ اٹھائیں گے۔ سندھ کی بلدیاتی کونسلز کی 95 فیصد سے زائد آمدن صوبائی منتقلیوں پر منحصر ہے، جبکہ پراپرٹی ٹیکس سے حاصل ہونے والی آمدن کا 70 فیصد بلدیاتی سہولتوں پر خرچ کیا جائے گا۔
پروگرام میں نکاسیٔ آب، سیوریج، اسکولوں اور سڑکوں کی بحالی، فائر اسٹیشنز اور اسٹریٹ لائٹس کی بہتری شامل ہے۔ کراچی میں پراپرٹی ٹیکس وصولی کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام بھی متعارف کرایا جائے گا۔
ورلڈ بینک کے مطابق سندھ کے دیگر شہروں کی 20 بلدیاتی کونسلز میں پراپرٹی سروے کیا جائے گا، جس سے دیگر شہری علاقوں کے 45 لاکھ افراد بالواسطہ مستفید ہوں گے۔ ان شہری مراکز میں پراپرٹی ٹیکس نظام بہتر بنانے کے لیے 4 کروڑ ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔