پاکستانیوں کے لیے قطر کا 30 روزہ مفت ویزا، اہم شرائط سامنے آگئیں


۳۱-اکتوبر-۲۰۲۶

قطر نے پاکستانی شہریوں کے لیے آمد پر مفت سیاحتی ویزا کی سہولت فراہم کر رکھی ہے، جس کے تحت زیادہ سے زیادہ 30 روز قیام کیا جا سکتا ہے۔ تاہم اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے مخصوص شرائط پوری کرنا لازمی ہیں۔

 قطر کی وزارتِ داخلہ کے مطابق پاکستانی شہریوں کو آمد پر مفت سیاحتی ویزا جاری کیا جاتا ہے، جس کی مدت زیادہ سے زیادہ 30 دن ہوتی ہے۔ ویزے کی مدت ہوٹل کی بکنگ کے مطابق بھی مقرر کی جا سکتی ہے۔

اس سہولت کے حصول کے لیے پاکستانی مسافروں کے پاسپورٹ کی میعاد کم از کم تین ماہ باقی ہونا اور واپسی کا کنفرم ٹکٹ ہونا ضروری ہے۔

قطر نے ہوٹل بکنگ کے حوالے سے بھی شرط عائد کی ہے کہ مسافروں کو اپنی رہائش کی بکنگ صرف سرکاری سیاحتی ویب سائٹ ڈسکور قطر کے ذریعے کرانا ہوگی۔ دیگر ویب سائٹس یا آن لائن بکنگ پلیٹ فارمز کی ریزرویشن قابل قبول نہیں ہوگی۔

اس کے علاوہ پاکستانی شہریوں کے لیے قطر کی وزارتِ صحت سے منظور شدہ انشورنس کمپنی سے ہیلتھ انشورنس حاصل کرنا بھی لازمی ہے۔

وزارتِ داخلہ کے مطابق مفت آن ارائیول ویزا کے لیے تمام چار شرائط پوری کرنا ضروری ہیں۔ مطلوبہ دستاویزات یا شرائط پوری نہ ہونے کی صورت میں ویزا ملنے کی ضمانت نہیں ہوگی۔

یہ سہولت قطر کے دیگر ویزا فری داخلے اور سیاحتی ویزا پروگراموں سے الگ ہے، اس لیے مسافروں کو سفر سے پہلے تمام شرائط اور دستاویزات مکمل کرلینی چاہییں۔