مقبوضہ کشمیر کے وزیراعلیٰ نے معروف صحافی سے دوسری شادی کرلی


۳۱-اکتوبر-۲۰۲۶

مقبوضہ جموں و کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللّٰہ نے معروف بھارتی صحافی اور سابق ٹی وی اینکر ندھی رازدان سے شادی کرلی۔ عمر عبداللّٰہ نے سوشل میڈیا پر اپنی اہلیہ کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے شادی کا اعلان کیا۔

 عمر عبداللّٰہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ندھی رازدان کے ساتھ تصویر شیئر کی اور لکھا، ’’کل ایک نئے سفر کا آغاز ہوا۔‘‘ انہوں نے اپنی پوسٹ میں ندھی رازدان کو بھی ٹیگ کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ عمر عبداللّٰہ کی دوسری شادی ہے، جو ان کی پہلی اہلیہ پائل عبداللّٰہ سے طلاق کے تقریباً تین ماہ بعد ہوئی ہے۔

31 جولائی 2026 کو بھارتی سپریم کورٹ نے عمر عبداللّٰہ اور پائل عبداللّٰہ کی باہمی رضامندی سے شادی ختم کرنے پر اتفاق کی توثیق کی تھی۔ دونوں نے تمام تنازعات طے کرنے اور ایک دوسرے کے خلاف زیرِ التوا مقدمات واپس لینے پر بھی رضامندی ظاہر کی تھی۔

عمر عبداللّٰہ اور پائل کی شادی 1994 میں ہوئی تھی۔ دونوں کی ملاقات نئی دہلی کے اوبرائے ہوٹل میں ملازمت کے دوران ہوئی۔ ان کے دو بیٹے ظاہر اور ضمیر ہیں۔

دونوں 2009 سے علیحدہ رہ رہے تھے، جبکہ عمر عبداللّٰہ نے 2011 میں باضابطہ طور پر علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

ندھی رازدان بھارت کی معروف صحافی ہیں اور طویل عرصے تک این ڈی ٹی وی سے وابستہ رہی ہیں۔