ایل پی جی مزید مہنگی، ڈیزل کی قیمت میں بھی اضافہ


۳۱-اکتوبر-۲۰۲۶

ملک بھر میں ایل پی جی کی قیمت میں 14 روپے 73 پیسے فی کلو اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے بعد 11.8 کلوگرام گھریلو سلنڈر 173 روپے 86 پیسے مہنگا ہوگیا۔ ڈیزل کی قیمت بھی 2 روپے 29 پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی ہے، جبکہ پیٹرول کی قیمت برقرار ہے۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے نومبر کے لیے ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کا اطلاق یکم نومبر سے ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 11.8 کلوگرام گھریلو سلنڈر کی قیمت 3 ہزار 296 روپے 23 پیسے سے بڑھا کر 3 ہزار 470 روپے 9 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔

اوگرا کے مطابق ایل پی جی کی فی ٹن پروڈیوسر قیمت میں 14 ہزار 733 روپے 98 پیسے اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد یہ 2 لاکھ 52 ہزار 775 روپے 47 پیسے ہوگئی ہے۔ صارفین کے لیے فی ٹن قیمت 2 لاکھ 94 ہزار 75 روپے 47 پیسے مقرر کی گئی ہے۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے ڈیزل کی قیمت 2 روپے 29 پیسے فی لیٹر بڑھا کر 402 روپے 96 پیسے کردی ہے، جبکہ پیٹرول کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

اوگرا کے مطابق سعودی آرامکو کنٹریکٹ پرائس میں 6.47 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ ڈالر کی اوسط شرح تبادلہ میں 0.12 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ ان عوامل کے نتیجے میں ایل پی جی کی صارف قیمت میں مجموعی طور پر 5.27 فیصد اضافہ ہوا ہے۔