سنجے دت کا سنجے گپتا کی یاد میں ’کانٹے 2‘ بنانے کا عزم


۳۱-اکتوبر-۲۰۲۶

بالی ووڈ اداکار سنجے دت اپنے ہدایت کار دوست سنجے گپتا کے انتقال پر غمزدہ ہیں۔ اداکار نے اپنے دوست کی یاد میں فلم ’کانٹے 2‘ بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

 سنجے دت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں سنجے گپتا کو اپنا بھائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اب بھی یقین نہیں آرہا کہ وہ اس دنیا سے چلے گئے ہیں۔ دونوں نے زندگی کے کئی سال ساتھ گزارے، بے شمار یادیں بنائیں اور دوستی کے انمول لمحات بانٹے۔

اداکار نے کہا کہ سنجے گپتا ہمیشہ ان کے خاندان کا حصہ رہیں گے اور انہیں ان کی گفتگو اور ساتھ گزارے ہوئے لمحات بہت یاد آئیں گے۔

فلم ’کانٹے 2‘ کے حوالے سے سنجے دت نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل ہی دونوں اس فلم کے بارے میں بات کررہے تھے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اپنے دوست کے خواب کو حقیقت بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔

خیال رہے کہ فلم ’کانٹے‘ کے ہدایت کار سنجے گپتا 57 برس کی عمر میں چل بسے۔ اطلاعات کے مطابق ان کی موت آج صبح باتھ روم میں گرنے کے باعث ہوئی، تاہم واقعے کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

سنجے گپتا نے سنجے دت کی متعدد فلموں کی ہدایت کاری کی، جن میں ’کانٹے‘ (2002)، ’مسافر‘ (2004)، ’زندہ‘ (2006) اور ’شوٹ آؤٹ ایٹ لوکھنڈ والا‘ (2007) شامل ہیں۔