سونے کی قیمت میں 3 روزہ کمی کے بعد بڑا اضافہ


۰۲-نومبر-۲۰۲۶

عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں مسلسل تین روزہ کمی کے بعد سونے کی قیمت میں اضافہ ہوگیا۔ پاکستان میں فی تولہ سونا 2 ہزار 400 روپے مہنگا ہوکر 4 لاکھ 12 ہزار 136 روپے کا ہوگیا۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت میں 2 ہزار 58 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 53 ہزار 340 روپے ہوگئی۔ فی تولہ چاندی بھی 100 روپے مہنگی ہوکر 5 ہزار 488 روپے کی ہوگئی۔

دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 24 ڈالر اضافے کے بعد 3 ہزار 896 ڈالر پر پہنچ گیا، تاہم قیمت بدستور 4 ہزار ڈالر کی اہم حد سے نیچے ہے۔

سونے کی قیمتوں پر امریکی ڈالر کی قدر، عالمی معاشی غیر یقینی صورت حال، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کے رجحانات اثرانداز ہوتے ہیں۔ پاکستان میں عالمی قیمت کے ساتھ روپے اور ڈالر کی شرح تبادلہ بھی مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے تعین میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔