کوئٹہ میں گیس بلوں میں اضافے کی وجہ سردی اور زیادہ استعمال ہے، ایس ایس جی سی


۰۲-نومبر-۲۰۲۶

سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے کوئٹہ میں گیس کے بلوں میں اضافے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سردی کے آغاز، گیس کے زیادہ استعمال اور اوگرا کے مقرر کردہ ٹیرف کے باعث بل بڑھے ہیں۔

ایس ایس جی سی کے ترجمان کے مطابق بعض صارفین بڑے بلوں سے بچنے کے لیے گیس میٹر ٹیمپر کرتے ہیں۔ ایسے میٹرز کی بلنگ کنیکٹڈ لوڈ کی بنیاد پر کی جاتی ہے۔

کمپنی نے بتایا کہ صارفین میٹر کی تبدیلی اور لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ اگر ٹیسٹ میں اضافی چارجز ثابت نہ ہوں تو وصول کی گئی رقم واپس کردی جائے گی۔

ایس ایس جی سی نے صارفین کی شکایات کے ازالے کے لیے بلوچستان ریجنل آفس میں ہیلپ ڈیسک قائم کردیا ہے، جو کوئٹہ ریجنل منیجر کی نگرانی میں کام کرے گا۔

کمپنی کے مطابق شدید مالی نقصانات کے باوجود کوئٹہ میں گیس کی فراہمی جاری ہے۔