ملک میں اکتوبر 2026 کے دوران مہنگائی کی شرح ماہانہ بنیادوں پر 1.08 فیصد بڑھ گئی، جبکہ سالانہ شرح 9.61 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں اوسط مہنگائی 10.05 فیصد رہی۔
ادارہ شماریات کے مطابق اکتوبر 2025 کے مقابلے میں اکتوبر 2026 میں مہنگائی 9.61 فیصد زیادہ رہی۔ ماہانہ بنیادوں پر شہری علاقوں میں مہنگائی 0.81 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں 1.49 فیصد بڑھی۔
اکتوبر میں غذائی اشیاء کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 2.26 فیصد اضافہ ہوا۔ مرغی کا گوشت 19.38 فیصد، دال چنا 9.17 فیصد، گندم 9.01 فیصد اور آٹا 7.54 فیصد مہنگا ہوا۔ تازہ سبزیوں کی قیمتوں میں 6.55 فیصد، انڈوں میں 5.72 فیصد اور دال ماش میں 5.54 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اس کے برعکس ٹماٹر 31.63 فیصد، پیاز 4.23 فیصد، آلو 4.04 فیصد اور چینی 2.17 فیصد سستی ہوئی۔
ٹرانسپورٹ کے شعبے میں مہنگائی 1.79 فیصد بڑھی، جبکہ رہائش، بجلی، گیس اور ایندھن کے اخراجات میں 0.25 فیصد اضافہ ہوا۔ مائع ہائیڈروکاربنز 8.39 فیصد، موٹر فیول 3 فیصد، کاٹن کپڑا 1.22 فیصد، مکان کا کرایہ 0.94 فیصد اور ادویات 0.90 فیصد مہنگی ہوئیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق اکتوبر میں متفرق اشیاء اور خدمات کی قیمتوں میں 0.71 فیصد جبکہ بجلی کے نرخوں میں 3.31 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔