شاہ رخ خان کی فلم ’کنگ‘ کا ریلیز سے پہلے 665 کروڑ کا بزنس


۰۳-نومبر-۲۰۲۶

بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی فلم ’کنگ‘ نے ریلیز سے قبل مختلف کاروباری معاہدوں کے ذریعے مبینہ طور پر 665 کروڑ بھارتی روپے کما لیے ہیں، تاہم سرمایہ کاری کے اہداف پورے کرنے کے لیے فلم کو دنیا بھر کے باکس آفس سے کم از کم 800 کروڑ روپے کمانا ہوں گے۔

ہدایت کار سدھارتھ آنند کی فلم ’کنگ‘ 24 دسمبر 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ بھارتی ویب سائٹ پنک ولا کے مطابق فلم کے بیرون ملک ڈسٹری بیوشن حقوق فارس فلمز نے 175 کروڑ روپے کی کم از کم گارنٹی پر حاصل کیے، جبکہ بھارت میں ڈسٹری بیوشن حقوق پین مرودھر کو 250 کروڑ روپے میں فروخت کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق نیٹ فلکس نے فلم کے ڈیجیٹل حقوق 150 کروڑ روپے میں خریدے، جبکہ سیٹلائٹ حقوق سے 25 کروڑ اور میوزک حقوق سے 65 کروڑ روپے حاصل ہوئے۔ ان معاہدوں کے بعد فلم کا مجموعی پری ریلیز بزنس 665 کروڑ بھارتی روپے تک پہنچ گیا ہے۔ تاہم اسٹریمنگ معاہدے کی حتمی رقم فلم کی سینما گھروں میں کارکردگی سے مشروط ہوسکتی ہے۔

فلم کی ابتدائی پروڈکشن لاگت 300 کروڑ روپے بتائی گئی تھی، جو بڑھ کر تقریباً 400 کروڑ روپے ہوگئی ہے۔ مارکیٹنگ اور تشہیر پر مزید 50 کروڑ روپے خرچ ہونے کا تخمینہ ہے، جبکہ شاہ رخ خان کی فیس سمیت مجموعی لاگت تقریباً 550 کروڑ روپے تک پہنچنے کی توقع ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پروڈیوسرز اور ڈسٹری بیوٹرز کے مالی اہداف پورے کرنے کے لیے فلم کو عالمی باکس آفس پر کم از کم 800 کروڑ روپے کمانا ہوں گے۔

’کنگ‘ شاہ رخ خان اور سدھارتھ آنند کا 2023 کی بلاک بسٹر فلم ’پٹھان‘ کے بعد دوسرا بڑا اشتراک ہے۔ یہ ’ڈنکی‘ کے بعد تین سال سے زائد عرصے میں شاہ رخ خان کی پہلی سینما ریلیز بھی ہوگی۔