دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے امریکی وسط مدتی انتخابات میں انتخابی مہمات پر مجموعی طور پر 44 کروڑ 60 لاکھ ڈالر خرچ کیے، تاہم ان کی بھاری مالی معاونت بھی ریپبلکن امیدواروں کے لیے مطلوبہ انتخابی کامیابی کی ضمانت نہ بن سکی۔
خبر ایجنسی کے مطابق ایلون مسک نے اپنی انتخابی سرمایہ کاری کا بڑا حصہ ریپبلکن امیدواروں اور انتخابی کمیٹیوں کو فراہم کیا۔ ان کی اپنی سیاسی کمیٹی بھی کروڑوں ڈالر کی فنڈنگ حاصل کرنے والوں میں شامل رہی، جبکہ انہوں نے سینیٹ اور ایوان نمائندگان کے ریپبلکن انتخابی گروپس کی بھی بھاری مالی معاونت کی۔
مسک نے انتخابی سرگرمیوں کے لیے ٹیکساس کو مرکزی میدان بنایا، جہاں ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مرکزی دفاتر واقع ہیں۔ انہوں نے صرف ستمبر میں ریپبلکن سینیٹ کمیٹی کو 15 کروڑ 80 لاکھ ڈالر فراہم کیے۔
یہ رقم ٹیکساس کے ریپبلکن امیدوار کین پیکسٹن کی حمایت کرنے والی کمیٹی کو دی گئی، جبکہ مسک کی سیاسی کمیٹی نے ڈیموکریٹک امیدوار کے خلاف انتخابی سرگرمیوں پر 4 کروڑ 70 لاکھ ڈالر خرچ کیے۔
خبر ایجنسی کے مطابق ایلون مسک نے ٹیکساس میں انتخابی سرگرمیوں پر مجموعی طور پر 22 کروڑ 40 لاکھ ڈالر خرچ کیے، تاہم ان کی خطیر سرمایہ کاری ریپبلکنز کے لیے مطلوبہ انتخابی نتائج حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔