پیٹرول پر ریلیف نہ دینے والے پمپس کے خلاف کارروائی کا حکم


۰۴-نومبر-۲۰۲۶

وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول کی قیمتوں میں ریلیف صارفین تک نہ پہنچانے والے پمپس کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔ انہوں نے بتایا کہ بروقت فیصلے کے باعث پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافہ روک دیا گیا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بعض پیٹرول پمپس سے ریلیف نہ دینے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے وزیر پیٹرولیم کو ہدایت کی کہ ایسے پمپس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

وزیراعظم کے مطابق جمعے کو پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافہ متوقع تھا، تاہم وزیر پیٹرولیم اور اوگرا نے ریفائنریز سے ونڈ فال منافع شیئر کرنے کی درخواست کی، جس کے نتیجے میں قیمتوں میں اضافہ روک دیا گیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ایل پی جی مافیا کا دور ختم ہوچکا ہے اور حکومت ایل پی جی درآمد کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ساڑھے 7 کروڑ افراد فیول ٹوکن سے فائدہ اٹھا چکے ہیں، جبکہ اس مد میں اب تک 28 ارب روپے خرچ کیے جاچکے ہیں۔

وزیراعظم نے مزید بتایا کہ خیبر پختونخوا کے لیے 160 ارب روپے کے پیکیج کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں پہلی، دوسری اور تیسری ترجیح سیکیورٹی ہے اور نئی صوبائی حکومت کے تعاون سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں خطے میں بے امنی کے باعث بڑھ رہی ہیں۔ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ کشیدگی کم کرنے کے لیے تہران میں خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی ہے۔