اوباما کا امریکی عوام کو واضح پیغام


۰۴-نومبر-۲۰۲۶

سابق امریکی صدر بارک اوباما نے کہا ہے کہ وسط مدتی انتخابات میں امریکی عوام نے واضح پیغام دیا ہے کہ وہ ایسی سیاست چاہتے ہیں جو لوگوں کو تقسیم کرنے کے بجائے متحد کرے۔

ڈیموکریٹس کی ممکنہ کامیابی پر اپنے بیان میں بارک اوباما نے کہا کہ امریکی عوام ایسے رہنما چاہتے ہیں جو انہیں درپیش مسائل کے ٹھوس حل پیش کریں۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج اس لیے ممکن ہوئے کیونکہ ملک کے ہر خطے میں بہترین امیدوار سامنے آئے۔ ان امیدواروں نے مشترکہ اقدار، عوامی خدمت اور اپنے اضلاع و ریاستوں کے عوام کو اولین ترجیح دینے کے عزم پر اتحاد قائم کیا۔

سابق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ موجودہ انتظامیہ کے پاس عہدے پر برقرار رہنے کے لیے اب بھی دو سال باقی ہیں۔ اب ڈیموکریٹس کی ذمہ داری ہے کہ وہ جہاں بھی اختیار رکھتے ہیں، وہاں تبدیلی لانے کے لیے بھرپور کوشش کریں۔

اوباما نے مزید نقصان روکنے اور مستقبل کے لیے مضبوط بنیادیں استوار کرنے پر زور دیا۔