مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی چوہدری خالد اصغر گھرال نے کہا ہے کہ بہتر حکمرانی اور عوامی مسائل کے مؤثر حل کے لیے ملک میں چھوٹے صوبوں کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے پنجاب کو 3 یا 4 انتظامی صوبوں میں تقسیم کرنے پر سنجیدگی سے غور کرنے کا مطالبہ کیا۔
گلاسگو میں چوہدری طارق گوندل کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری خالد اصغر گھرال نے کہا کہ پنجاب کی آبادی 13 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے، جس کے باعث حکومت کے لیے پورے صوبے کے مسائل پر یکساں توجہ دینا اور عوام کو سرکاری اداروں تک آسان رسائی فراہم کرنا مشکل ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ساتھ دیگر بڑے صوبوں کو بھی انتظامی بنیادوں پر تقسیم کرنے پر غور کیا جانا چاہیے۔
چوہدری خالد اصغر گھرال نے مولانا فضل الرحمٰن کی حالیہ سیاسی سرگرمیوں پر تنقید کرتے ہوئے ان کے کردار کو غیر ذمہ دارانہ اور افسوس ناک قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن کو ایک سینئر سیاسی رہنما کی حیثیت سے جمہوری اور پُرامن کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختون خوا میں سیکیورٹی کی سنگین صورتِ حال کے پیش نظر تمام سیاسی جماعتوں کو قومی مفاد میں مشترکہ مؤقف اختیار کرنا چاہیے اور ملکی استحکام کے لیے فوج سمیت ریاستی اداروں سے تعاون کرنا چاہیے۔
رکن پنجاب اسمبلی نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے محنت، قابلیت اور دیانت داری سے مختلف شعبوں میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ اپنی نئی نسل کو پاکستان، قومی ثقافت اور مذہبی اقدار سے جوڑے رکھیں۔
اس موقع پر چوہدری احسن گھرال نے کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانی ہر سال 40 ارب ڈالر سے زائد زرمبادلہ بھیج کر ملکی معیشت کو سہارا دیتے اور لاکھوں خاندانوں کی کفالت کرتے ہیں۔ تاہم، پاکستان آمد پر انہیں ایئرپورٹس سے گھروں تک مختلف مراحل میں مشکلات اور ہراسانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
تقریب کے میزبان چوہدری طارق گوندل نے کہا کہ اگر حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو مؤثر تحفظ فراہم کرے، سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے تو وہ اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے ذریعے ملکی معیشت کو نئی سمت دے سکتے ہیں۔
چوہدری خالد اصغر گھرال نے شرکاء کو یقین دلایا کہ وہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل متعلقہ حکام کے سامنے اٹھائیں گے۔