کوٹ لکھپت جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی چہل قدمی کے دوران اچانک چکر آنے سے گر پڑے، جس کے نتیجے میں ان کے گھٹنے اور بازو پر چوٹیں آئیں۔
شاہ محمود قریشی کے وکیل بیرسٹر تیمور ملک کے مطابق واقعہ ان کی بیرک میں پیش آیا، جہاں وہ چہل قدمی کے دوران اچانک چکر آنے سے گر گئے۔
وکیل نے بتایا کہ جیل حکام نے شاہ محمود قریشی کے خون کے نمونے حاصل کرکے شوکت خانم اسپتال بھجوا دیے ہیں۔
بیرسٹر تیمور ملک کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کے مشورے پر شاہ محمود قریشی کے سی ٹی اسکین اور مزید علاج کے لیے درخواست دائر کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ واقعے کے بعد شاہ محمود قریشی کی طبی صورتحال کا جائزہ لینے اور انہیں ضروری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے قانونی درخواست بھی دائر کی جائے گی۔