وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کے 3 ارب ڈالر کے قرض کی واپسی مؤخر کر دی ہے۔ یہ رقم مناسب وقت پر واپس کی جائے گی۔
وزیرِ خزانہ کے مطابق سعودی ہم منصب سے ملاقات خوشگوار رہی اور دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کے باعث پاکستان کو کسی قسم کی تشویش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال پاکستان کو مزید مالی معاونت کی ضرورت نہیں۔
محمد اورنگزیب نے بتایا کہ پاکستان کے پاس اس وقت تین ماہ کے درآمدی اخراجات کے برابر زرمبادلہ کے ذخائر موجود ہیں، جبکہ سالانہ یورو بانڈ کی ادائیگی تقریباً ڈیڑھ ارب ڈالر ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ مستقبل میں آنے والی کسی بھی حکومت کو قرضوں کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وزیرِ خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس دسمبر میں متوقع ہے، تاہم حتمی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی۔