وفاقی کابینہ نے ون کانسٹیٹیوشن ایونیو منصوبے میں مبینہ فراڈ اور بے ضابطگیوں سے متعلق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ منظور کرلی۔ حکومت نے متاثرین کو معاوضہ دینے اور معاملے کی مزید تحقیقات کے لیے نیب کو سفارشات بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے ون کانسٹیٹیوشن ایونیو منصوبے میں مبینہ فراڈ کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کی تھی، جس کی رپورٹ آج وفاقی کابینہ نے منظور کرلی۔
احسن اقبال کے مطابق رپورٹ میں منصوبے کا نام تبدیل کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے، کیونکہ ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کا نام بھی مبینہ طور پر جعل سازی کے ذریعے حاصل کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے میں تمام قواعد و ضوابط نظر انداز کیے گئے اور بے ضابطگیوں کے معاملے میں سی ڈی اے نے بھی کوتاہی برتی۔ ان کا کہنا تھا کہ منصوبے سے متعلق تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے اور متاثرین کو معاوضہ ادا کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کانسٹیٹیوشن ایونیو پر پہلی عمارت وزارت خارجہ کی ہے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا کہ سہولت کاری کے باعث لوگوں کو لوٹا گیا اور نیب کو ریفرنس دائر کرنے کے لیے تین ماہ کا وقت دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو نقصان پہنچا، ان کا کوئی قصور نہیں۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بتایا کہ جے آئی ٹی نے معاملے کی مزید تحقیقات کے لیے نیب کو سفارشات بھیجنے کی تجویز دی ہے، جبکہ نیب میرٹ پر تحقیقات کرے گی۔