سوات میں خاتون سے مبینہ زیادتی کے الزام میں دو حاضر سروس پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق خاتون کی مدعیت میں مینگورہ کے تھانہ رحیم آباد میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ نامزد اہلکاروں میں سے ایک کبل پولیس لائنز جبکہ دوسرا تھانہ قلاگئی میں تعینات ہے۔
مدعیہ کے مطابق وہ اپنے شوہر کے ہمراہ تحصیل بحرین سے ٹیکسی میں بس اسٹینڈ جا رہی تھی کہ دو موٹر سائیکل سواروں نے ٹیکسی روک کر انہیں رکشے میں جانے کا کہا۔ بعدازاں وہ دونوں پشاور جانے والی کوسٹر میں سوار ہو گئے۔
خاتون نے الزام لگایا کہ دو پولیس اہلکاروں نے انہیں کوسٹر سے اتار کر تفتیش کے بہانے مینگورہ کے ایک ہوٹل میں لے گئے، جہاں اسلحے کے زور پر مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا۔ مدعیہ کے مطابق اہلکاروں نے واقعے کی اطلاع دینے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خاتون کا طبی معائنہ کرایا جائے گا اور واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں۔