نیتن یاہو کی اقتدار میں واپسی مشکل، اتحادی جماعت نے حمایت سے انکار کر دیا


۰۵-نومبر-۲۰۲۶

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے امکانات مزید کم ہو گئے ہیں۔ ان کی اتحادی مذہبی جماعت یونائیٹڈ توراہ جوڈازم نے وزیراعظم کے عہدے کے لیے کسی بھی امیدوار کی حمایت سے انکار کر دیا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق سات نشستوں پر مشتمل جماعت کے دونوں دھڑوں نے صدر سے مشاورت کے دوران کسی امیدوار کی سفارش نہیں کی۔ جماعت کے مذہبی رہنماؤں نے بھی کسی امیدوار کی حمایت نہ کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

جماعت نے واضح کیا ہے کہ مستقبل میں کسی بھی حکومت کی حمایت قدامت پسند مذہبی طلبہ کو لازمی فوجی سروس سے استثنیٰ دینے کا قانون منظور کرنے سے مشروط ہوگی۔ اس قانون کی منظوری نہ ہونے پر یونائیٹڈ توراہ جوڈازم نیتن یاہو سے ناراض ہے۔

دوسری جانب عرب جماعت رام کے آٹھ ارکان نے گاڈی آئزن کوٹ کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کے بعد یاشار جماعت کے رہنما آئزن کوٹ کو 56 قانون سازوں کی حمایت حاصل ہو گئی ہے، جبکہ نیتن یاہو کے حق میں 46 ارکان نے سفارش کی ہے۔