گوگل کی جانب سے نئی سوشل میڈیا ایپ متعارف کرانے پر کام کیے جانے کا امکان ہے، جسے ’’یوٹیوب ٹمبا‘‘ کا نام دیا جا سکتا ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ اینڈرائیڈ اتھارٹی کے مطابق اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے یوٹیوب ایپ کے نئے ورژن میں ایک خودمختار ایپ ٹمبا کے شواہد سامنے آئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایپ کے کوڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ مجوزہ پلیٹ فارم میں انفرادی اور گروپ میسجنگ، تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے اور صارفین کی پوسٹس جیسے فیچرز شامل ہو سکتے ہیں۔
ایپ کے ہوم، سرچ، کیمرا، ان باکس اور چیٹس سمیت مختلف آئیکونز سے عندیہ ملتا ہے کہ اس کا نیویگیشن لے آؤٹ یوٹیوب کے بجائے انسٹاگرام سے زیادہ مشابہ ہوگا۔ نوٹیفکیشنز سے متعلق کوڈز بھی اس کے مکمل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہونے کی نشاندہی کرتے ہیں۔
مجوزہ ایپ میں صارفین ایک دوسرے کو فالو کرنے کے ساتھ فالو ریکوئسٹس بھی بھیج اور منظور کر سکیں گے۔ ایک اور کوڈ سے کمنٹس کے جوابات میں وائس نوٹ بھیجنے کی سہولت کا امکان بھی سامنے آیا ہے۔
تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ گوگل ٹمبا کو الگ ایپ کے طور پر متعارف کرائے گا یا اس کے فیچرز یوٹیوب کے اندر ہی شامل کرے گا۔