ویب ڈیسک: سکیورٹی فورسز نے افغانستان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش کرنیوالے خوار ج کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 54دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کیجانب سے جاری بیان کے مطابق 26، 27 اپریل کی درمیانی شب شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں پاکستان افغانستان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش کرنے والے خوارجوں کے گروپوں کی نقل و حرکت کو سیکیورٹی فورسز نے بر و قت مانیٹر کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے جوانوں نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں تمام 54خوارج واصلِ جہنم کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت، مستعدی اور تیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بڑے سانحے کو بروقت روک دیا، یہ دہشت گردی کے خلاف جاری مہم میں کسی ایک کارروائی میں سب سے زیادہ خوارج کو ہلاک کرنے کا ریکارڈ ہے۔