ایک نیوز:کراچی میں رات گئے پراسرار چمک نظر آئی ،ماہرین فلکیات کے مطابق کراچی میں رات شہاب ثاقب کا نظارہ کیا گیا۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں ہری روشنی کے مناظر کیمرے میں ریکارڈ کیے گئے،شہری رات گئے آسمان سے گرتے شہاب ثاقب کو دیکھ کر حیران رہ گئے،شہر میں شہاب ثاقب کو رات2بج کر 43 منٹ پر گزرتے دیکھا گیا۔
کراچی میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب آسمان پر شہاب ثاقب گزرتے دیکھا گیا،اس نظارے کو کئی شہریوں نے کیمرے کی آنکھ میں قید کرلیا اور پھر ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ زمین کےگرد مدارمیں کروڑوں کی تعداد میں شہاب ثاقب ہیں،اسے عام زبان میں شوٹنگ سٹار بھی کہا جاتا ہے، شہاب ثاقب کے واقعات سالانہ یا باقاعدگی سے کچھ وقفوں سے ہوتے رہتے ہیں۔
خیال رہے کہ شہاب ثاقب سیارچوں کے ٹوٹے ہوئے ذرات ہوتے ہیں جو زمین کیطرف آتے ہوئے آکسیجن اور کشش کے باعث جلتے نظر آتے ہیں،ناسا کا کہنا ہے کہ ہر روز زمین پر300 ٹن کے قریب خلائی مٹی اور پتھروں کی بارش ہوتی ہے مگر انکا حجم کسی ریت کے ذرے سے زیادہ بڑا نہیں ہوتا۔