ایک نیوز: ادارہ شماریات کی جانب سے جولائی تا جنوری بڑی صنعتوں کے اعداد و شمار جاری کر دیئے گئے۔
ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے7 ماہ میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 1.78 فیصد کمی ہوئی، جنوری میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں سالانہ بنیادوں پر بھی 1.22 فیصد کمی دیکھی گئی، رواں مالی سال جولائی تا جنوری غذائی شعبے کی پیداوارمیں 2.67 فیصد کمی سامنے آئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق جولائی تا جنوری فرنیچرکی پیداوار میں 61.61 فیصد کی کمی ہوئی، رواں مالی سال 7 ماہ میں مشینری اورآلات کی پیداوار میں 26.84 فیصد کی کمی ہوئی، فرٹیلائزر،کیمیکلز، آئرن اور اسٹیل مصنوعات کی پیداوار میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی، جولائی تا جنوری لکڑی اورالیکٹریکل مصنوعات کی پیداوار میں بھی کمی ہوئی ۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دسمبر کے مقابلے میں جنوری میں بڑی صنعتوں کی پیداوار2.09 فیصد بڑھ گئی ،جولائی تا جنوری تمباکو 20.24 اور مشروبات کی پیداوار میں 0.19 فیصد اضافہ ہوا ، 7 ماہ کے دوران آٹوموبیل شعبے کی پیداوار میں 45.74 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، جولائی تا جنوری میں فارماسوٹیکل اورٹیکسٹائل شعبے کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوا۔