ویب ڈیسک:فیس بک کی بانی کمپنی میٹا نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں فیس بک پیجز کو اچانک ڈی مونیٹائز کردیا ہے۔
میٹا نے فیس بک کی کئی ممالک میں مونیٹائزیشن پالیسی کو سخت کردیا ہے اور سیکڑوں پیجز کی مونیٹا ئز یشن معطل کردی ہے،جن پیجز کو ڈی مونیٹائزڈ کیا گیا ان پر کمیونٹی گائیڈ لائن کی خلاف ورزی کا بھی کوئی الزام نہیں تھا۔
فیس بک کے اس اقدام نے پاکستانی صارفین کو بھی پریشان کردیا ہے،پیجز کو ڈی مونیٹائزڈ کرنے سے قبل انتظامیہ کیجانب سے کسی قسم کی وارننگ بھی نہیں دی گئی ہے،تاحال یہ بات سامنے آئی ہے کہ فیس بک انتظامیہ نے خاموشی سے اپنی مونیٹائزیشن پالیسی میں بڑی تبدیلی کی ہے۔
ڈی مونیٹائزیشن کا یہ غیر متوقع عمل فیس بک کی مالی اہلیت سے متعلق پالیسی میں تبدیلی ہوسکتی ہے جس کے مطابق فیس بک کا نیا نظام پاکستانی بینک اکاؤنٹس اور ٹیکس تفصیلات کے استعمال پر بھی پابندی عائد کرتا ہے۔
فیس بک کی مستقل مونیٹائزیشن کی پابندی سے بچنے کے لیے پیج مالکان کو بینک اور ٹیکس تفصیلات اہل ملک سے فراہم کرنا ہوں گی اور مالی معلومات کو سرکاری ریکارڈز کے مطابق بالکل درست بنانا ہوگا۔