ایک نیوز:اسلام آباد ہائیکورٹ میں بشری بی بی کی اڈیالہ جیل میں بہتر سہولیات کی فراہمی بارے درخواست پر اعتراض عائد کردیا گیا۔
رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ نے اعتراضات کے ساتھ درخواست کل سماعت کے لیے مقرر کردی ،جسٹس انعام امین منہاس کیس کی سماعت کریں گے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ بشری بی بی بطور خاتون اوّل وزیر اعظم ہاؤس میں مقیم رہی ہیں، بشری بی بی اپنی بہتر معیار زندگی کی وجہ سے قانون کے مطابق بہتر سہولیات کی حقدار ہیں۔
درخواست میں کہا گیا کہ بشری بی بی نے بہتر سہولیات کے لیے جیل حکام کو درخواست کی، سپرٹینڈنٹ اڈیالہ جیل نے بشری بی بی کی درخواست کان نہیں دھرے ، جبکہ بشری بی بی کے شوہر بانی پی ٹی آئی کو اسی جیل میں بہتر سہولیات کا حقدار قرار دیا گیا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ فریقین کو اپنی قانونی ذمہ داریاں پوری کرنے کی ہدایت کی جائے، جیل رولز 1978 کے تحت بشری بی بی کو بہتر سہولیات کی فراہمی کا حکم دیا جائے۔
واضح رہے کہ درخواست میں وفاق، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور چیف کمشنر اسلام آباد کو فریق بنایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی کہ اہلیہ بشری بی بی اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں 7 سال قید کی سزا کاٹ رہی ہیں۔