ایک نیوز:پاکستان اور برازیل کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے پر دستخط ہو گئے،پاکستان اور برازیل نے ریو ڈی جنیرو، برازیل میں لاطینی امریکہ کی دفاعی و سلامتی نمائش (LAAD-2025) کے موقع پر دفاعی مصنوعات کی تیاری، پیداوار اور تجارت سے متعلق تعاون کے ایک مفاہمتی یاد داشت (MoU) پر دستخط کیے۔
پاکستان اور برازیل کے درمیان دفاعی تعاون کے حوالے سے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے جو کہ لاطینی امریکہ کی سب سے بڑی دفاعی نمائش LAAD-2025 کے موقع پر طے پایا۔
یہ معاہدہ پاکستان کے سیکرٹری دفاعی پیداوار لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد چراغ حیدر اور برازیل کے وزیر دفاع جوزے موسیو مونٹیریو فِلہو کے درمیان ایک اعلیٰ سطحی ملاقات کے دوران طے پایا، دستخطی تقریب میں دونوں ممالک کے سینئر حکام بشمول برازیل میں پاکستان کے سفیر مراد اشرف جنجوعہ اور برازیل کی وزارت دفاع کے سیکرٹری دفاعی پیداوار نے شرکت کی۔
ملاقات کے دوران دفاعی پیداوار، تکنیکی تعاون اور مشترکہ منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، برازیلی وزیر دفاع نے پاکستانی وفد کا خیرمقدم کیا اور LAAD-2025 میں پاکستان کی بھرپور شرکت کو سراہا جس میں پاکستانی دفاعی اداروں کے جدید ترین ہتھیاروں اور ٹیکنالوجیز کو پہلی مرتبہ قائم کیے گئے پاکستان پویلین میں پیش کیا گیا۔
پویلین میں گلوبل انڈسٹریل ڈیفنس سلوشنز (GIDS)، ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا (HIT)، نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (NRTC) سمیت دیگر پاکستانی دفاعی ادارے شامل تھےجو وزارت دفاعی پیداوار (MoDP) اور دفاعی برآمدات کے فروغ کے ادارے (DEPO) کی سرپرستی میں شریک ہوئے۔
سیکرٹری دفاعی پیداوار نے پاکستان کی مقامی اور کم لاگت دفاعی صنعت میں مہارت کو اجاگر کیا جو روایتی اور ہائبرڈ جنگوں کے وسیع تجربے سے تشکیل پائی ہے،انہوں نے برازیلی فوج کے لیے M-113 آرمرڈ پرسنل کیریئرز (APCs) کی تجدید میں پاکستان کی خدمات کی پیشکش کی جو روایتی سپلائرز کے مقابلے میں زیادہ مسابقتی متبادل فراہم کر سکتی ہیں۔
ایک اہم پیش رفت کے طور پر پاکستان نے برازیلی فضائیہ (FAB) کوJF-17 تھنڈر لڑاکا طیارہ فراہم کرنے کی پیشکش کی، یہ کثیرالمقاصد اور کم لاگت کا جدید طیارہ برازیل کی فضائیہ کی جدید کاری ضروریات کے لیے ایک بہترین انتخاب کے طور پر پیش کیا گیا جس کی تفصیلی تکنیکی دستاویز پہلے ہی برازیلی حکام کے ساتھ شیئر کی جا چکی ہے۔
دونوں فریقین نے اپنے متعلقہ وزرائے دفاع اور خارجہ امور کے درمیان دوطرفہ ڈائیلاگ کو عملی جامہ پہنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا، پاکستان نے اس سلسلے میں جلد اجلاس بلانے پر زور دیا تاکہ فوجی ٹیکنالوجی، خلائی تحقیق اور صنعتی ترقی میں تعاون کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔
برازیلی وزیر دفاع نے پاکستانی وفد کو برازیل کے دفاعی شعبے کو درپیش چیلنجز اور ترجیحات سے آگاہ کیا جن میںجدیدکاری کے منصوبے، سرحد پار جرائم کے خلاف حکمت عملی اور ایمیزون کے جنگلات کے تحفظ جیسے امور شامل ہیں۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک نے دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔