ایک نیوز:صدر مملکت آصف علی زرداری کا یومِ پاکستان پریڈ کی تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ پوری پاکستانی قوم کو یومِ پاکستان کی مبارکباد ،آج کا دن لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کی یاد تازہ کرتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ آج ہم وطن کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، پاکستان کا مقصد مضبوط ، جدید اسلامی فلاحی مملکت ہے ، ہم نے بہت سی قربانیاں دے کر آزادی حاصل کی ہے، آزادی کی اس نعمت کا تحفظ بڑا فرض ہے،ہماری قوم اور افواج مادرِوطن کے تحفظ اور آزادی کی حفاظت کیلئے کبھی کسی قربانی سے پیچھے نہیں ہٹیں۔
صدرنے کہا کہ ہم قائدِاعظم کے الفاظ "اتحاد، ایمان، تنظیم" پر وقت کی ہر آزمائش میں پورا اُترے، ہم نے بیرونی اور اندرونی دہشت گردی کا منہ توڑ مقابلہ کیا ،بھارت پاکستان کو ہمیشہ میلی آنکھ سے دیکھتا ہے ،فتنہ الخوارج اور دیگر دہشت گرد تنظیمیں اپنے ناپاک مقاصد کے حصول میں کوشاں ہیں،پاکستان کے عوام ، مسلح افواج ساتھ ساتھ کھڑے ہیں ۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیں گے، نوجوان نسل میں نفرت ، مایوسی پھیلانے کی کوششوں کا مقابلہ کرنا ہوگا، ففتھ جنریشن وارفیئر ایک چیلنج کی صورت اختیار کر چکا ہے، ہمارے اندر مشکلات پر قابو پانے کی صلاحیت ہے ، ہم ایک باحوصلہ قوم ہیں، قوم کی توانائی اور صلاحیتوں پر اعتماد ہے ،ہم کبھی مشکلات سے نہیں گھبراتے، تمام اندرونی اور بیرونی سازشوں کے باوجود پاکستان کی تعمیر کرتے رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو بہت سے جغرافیائی و سیاسی مسائل کا سامنا ہے، ہماری بہادر مسلح افواج عوام کے شانہ بشانہ بے شمار قربانیاں دے رہی ہیں،ہم اپنی سرحدوں کی حفاظت یقینی بنائیں گے ،معیشت اور زراعت مستحکم کریں گے، تحفظِ توانائی یقینی بنائیں گے ، اپنی نوجوان نسل کے لیے روزگار پیدا کریں گے، نوجوان ہمارے ملک کا سرمایہ ہیں،نوجوانوں کو تعلیم، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی سے آشنا کرنا ہے،صوبائی حکومتیں بنیادی صحت اور سماجی بہبود پر خصوصی توجہ دیں،ہماری خارجہ پالیسی امن اور استحکام پر مبنی ہے۔