ایک نیوز:(چودھری اشرف)پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کی تیاریاں بھی اپنے عروج پر پہنچنا شروع ہو گئیں ہیں، سیزن ٹین کا آفیشل ترانہ ریلیز ہونے کے بعد آن لائن ٹکٹوں کی فروخت کا کام آج سے شروع ہوگیا۔
پی ایس ایل سیزن ٹین کی افتتاحی تقریب 11اپریل کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں سجے گی، جس میں لائٹننگ شو کے ساتھ فنکار سروں کے رنگ بکھریں گے، پہلے روز دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائٹیڈ اور لاہور قلندرز کی ٹیموں میں جوڑ پڑے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے گذشتہ روز میگا ایونٹ کا آفیشل ترانہ دیکھو ایکس ریلیز کر دیا گیا جبکہ میچوں کی آن لائن ٹکٹوں کی فروخت آج سے شروع ہوگی، افتتاحی میچ کے جنرل انکلوژر 1 ہزار، فرسٹ کلاس کے 2 ہزار، پریمیئر ساڑھے تین ہزار، وی آئی پی 6 ہزار جبکہ پی سی بی گیلری کا ٹکٹ ساڑھے آٹھ ہزار کا ہوگا۔
عام دنوں میں جنرل انکلوژر کے ٹکٹ کی قیمت ساڑھے چھ سو سے جبکہ گیلری کے ٹکٹ کی قیمت چھ ہزار روپے تک رکھی گئی ہے۔
پاکستان سپر لیگ سیزن ٹین کی فزیکل ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز 7 اپریل سے نجی کوریئر کمپنی کے دفاتر سے مل سکیں گے۔