ویب ڈیسک:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر ، عمان اور تاجکستان کے سرابراہان سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی ،نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے گفتگو کے دوران وزیراعظم نے دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور غزہ میں قیام امن کیلئے ان کے کردار کو سراہا۔
محمد شہباز شریف نے پاک قطر ثقافتی تعاون اور تعلقات کی تاریخ کو اجاگر کرنے کیلئے لاہور میں ایک نمائش کے انعقاد کی تجویز پیش کی اور امیر قطر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
شیخ تمیم نے یقین دہانی کرائی کہ عید کے فوراً بعد سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ایک اعلیٰ سطحی قطری وفد پاکستان کا دورہ کرے گا۔
عمان کے سلطان ہیثم بن طارق سے گفتگو میں محمد شہباز شریف نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، آئی ٹی اور دفاع سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا اور سلطان کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
عمانی سلطان ہیثم نے پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کے ساتھ بات چیت میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تاجک عوام کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا۔
شہباز شریف نے کرغزہ -تاجک سرحد کی حد بندی سے متعلق حالیہ معاہدے پر صدر تاجکستان کو مبارکباد دی اور انہیں بھی پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔