ایک نیوز: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نےڈیرہ اسماعیل خان میں غیر رسمی گفتگو میں کہا ہے کہ عمران خان کی باعزت رہائی کے لئے ہر حد تک جائیں گے،عمران خان کو 600 روز سے زائد غیر قانونی پابند سلاسل کیا گیا۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جرات اور بہادری سے یہ لوگ حواس باختہ ہیں،عمران خان نے ان کے سامنے نہ سر جھکایا اور نہ ہی ڈیل کی، عمران خان سے عدالتی احکامات کے باوجود ملنے نہیں دیا جارہا،فارم47والی حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے،پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کو چوری کرکے چوروں کو حکومت دی گئی۔
وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ یہ لوگ ہمیشہ چور دروازوں سے حکومت میں آئے ہیں، قانون جیسے ہی حرکت میں آتا ہے تو یہ سب لندن بھاگ جاتے ہیں، ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کے لئے عمران خان، بشری بی بی سمیت تمام قائدین اور کارکنوں کو رہا کرنا ہوگا،عمران خان روشن پاکستان کی نوید لے کر باعزت بری ہوں گے،ملک میں معاشی و سیاسی استحکام کے لئے جعلی حکومت کو مستعفی ہونا چاہئے۔
علی امین کا کہنا تھا کہ عمران خان پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبول ترین لیڈر ہے، عمران خان کو پاکستا ن کی سب سے بڑی عدالت سپریم کورٹ آف پاکستان نے صادق اور امین کا لقب دیا،عمران خان نے کینسر جیسے مہلک اور مہنگے علاج کے ہسپتال بنائے، ان ہسپتالوں میں ضرورت مندوں کو مفت علاج معالجہ فراہم کیا جاتا ہے،عمران خان نے سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات عام کرنے کے لئے عالمی معیار کی یونیورسٹی بنائی۔
سردار علی امین خان کا گفتگو میں کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنی حکومت حضرت محمدﷺ کے اصولوں کے مطابق رکھی،عمران خان نے پاکستان میں ریاست مدینہ بنانے کا عملی نمونہ پیش کیا، عمران خان چاہتے تھے کہ ملک میں مساوات، رحم، عدل و انصاف اور تکریمِ آدم سے آراستہ سماج قائم ہو،خیبرپختونخوا حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق ریاست مدینہ کے قیام پر عمل پیرا ہے۔