ویب ڈیسک:مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں ہوئے حملے میں 26 سیاح مارے گئے، اس ہولناک واقعے پر پاکستانی اداکاروں کی جانب سے بھی گہرے دکھ کر اظہار کیا ہے۔
سانحہ پہلگام پر اظہار تعزیت کرنے والوں میں اداکارہ و گلوکار فرحان سعید، ماورا حسین اور ہانیہ عامر شامل ہیں۔
گزشتہ روز پیش آئے واقعے پر ماورا، فرحان سعید اور ہانیہ عامر نے انسٹاگرام کا رخ کیا تاکہ پہلگام میں ہونے والے افسوسناک واقعے پر اپنے جذبات کا اظہار کر سکیں۔
فرحان سعید نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ پہلگام حملے کے متاثرین اور ان کے خاندانوں کے لیے دل کی گہرائیوں سے تعزیت۔
ہانیہ عامر نے انسٹاگرام پر لکھا کہ کہیں بھی ہونے والا سانحہ ہم سب کیلئے سانحہ ہوتا ہے، میرا دل حالیہ واقعات سے متاثر ہونے والی معصوم جانوں کیساتھ ہے، دکھ میں، غم میں اور اُمید میں ،ہم ایک ہیں۔
جب معصوم جانیں ضائع ہوتی ہیں، تو وہ دکھ صرف اُن کا نہیں ہوتا وہ ہم سب کا دکھ بن جاتا ہے،ہم چاہے جہاں سے بھی ہوں، غم ایک ہی زبان بولتا ہے، کاش ہم ہمیشہ انسانیت کو ترجیح دیں۔
اداکارہ ماورا حسین نے بھی انسٹاگرام پر متاثرین اور ان کے خاندانوں سے یکجہتی کیلئے ایک سٹوری شیئر کی ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ 'متاثرہ خاندانوں سے دل کی گہرائیوں سے تعزیت، کسی ایک کیخلاف دہشتگردی کا عمل سب کے خلاف دہشتگردی ہوتی ہے، دنیا میں کیا ہورہا ہے۔
تاہم پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے ان فنکاروں کے ان بیانات پر سخت ناراضی اور غصے کا اظہار کیا ہے۔
ان کا ماننا ہے کہ پاکستانی فنکاروں کو ایسے مواقع پر شرمندگی محسوس کرنی چاہیے، خاص طور پر جب بھارت مسلسل پاکستان پر الزامات عائد کرتا رہتا ہے۔
البتہ پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور لوگوں کا کہنا ہے کہ بے گناہ لوگوں کے قتل کو کسی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا لیکن مودی سرکار نے اس واقعے کا ذمے دار پاکستان کو ٹھہرا کر جلتی میں تیل پھینک دیا ہے اور دونوں ممالک نے ایک بار پھر کشیدگی بڑھ گئی ہے۔