ایک نیوز
ایک نیوز
ایک نیوز
ایک نیوز
انتظار فرمائیے...

وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی  کے اجلاس کا اعلامیہ جاری

تمام بھارتی ملکیتی یا بھارتی آپریٹڈ ایئرلائنز کیلئےپاکستان کی فضائی حدود فوری بند کردی گئی

24 April 2025

ایک نیوز: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت  ہونیوالے قومی سلامتی کمیٹی  کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیاگیا ہے۔

اعلامیہ  کے مطابق  وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس  ہوا،  اجلاس میں  23 اپریل کےبھارتی بیان میں موجودخطرے کی مذمت کی گئی،   پہلگام حملے کے تناظرمیں قومی سلامتی کے ماحول اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ،   اجلاس میں شرکاء نے بھارت میں سیاحوں کی جانوں کے ضیاع پر تشویش کا اظہارکیا، کمیٹی نے 23اپریل کو اعلان کردہ بھارتی اقدامات کا جائزہ لیا،بھارتی اقدامات کو انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور قانونی میرٹ سے عاری قرار دیاگیا ۔ 

اعلامیہ  کے مطابق  پاکستان فوری طور پر واہگہ بارڈر پوسٹ بند کر دے گا، تمام بھارتی ملکیتی یا بھارتی آپریٹڈ ایئرلائنز کیلئےپاکستان کی فضائی حدود فوری بند کردی گئی،   بھارت کے ساتھ تمام تجارت فوری طور پر معطل کی جاتی ہے، بھارت سے تمام سرحد پار آمد و رفت بغیر کسی استثنیٰ کے معطل کر دی جائے گی، بھارت جانے والے 30 اپریل سے پہلے اس راستے سے واپس آ سکتے ہیں، پاکستان سارک ویزا استثنیٰ اسکیم کے تحت تمام ویزوں کو معطل کرتا ہے، سکھ مذہبی یاتریوں کے علاوہ تمام ویزے فوری طور پر منسوخ کیے جاتے ہیں،سکھوں کے علاوہ بھارتی شہریوں کو 48 گھنٹوں کے اندرنکلنے کی ہدایت جاری کردی گئی۔   

اعلامیہ  کے مطابق اسلام آباد میں بھارتی دفاع، بحری اور فضائی مشیرناپسندیدہ شخصیت قرار دیا گیا ہے،  بھارتی ہائی کمیشن میں عہدے منسوخ،30اپریل سے پہلےپاکستان چھوڑنے کی ہدایت کردی گئی،   بھارتی مشیروں کے معاون عملے کو بھی بھارت واپس جانے کی ہدایت کی جاتی ہے، 30اپریل سے بھارتی ہائی کمیشن اسلام آباد میں سفارتکاروں اور عملے کی تعداد 30 ہوگی،پاکستان سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے بھارتی اعلان کو سختی سے مسترد کرتاہے۔

اعلامیہ   میں کہا گیا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ عالمی بینک کے ذریعے طے پانے والا ایک پابند بین الاقوامی معاہدہ ہے، پانی پاکستان کا ایک اہم قومی مفاد ہے،پانی کی دستیابی کو ہر قیمت پر محفوظ بنایا جائے گا، سندھ طاس معاہدے کے تحت پانی روکنے یاموڑنے کی کوشش جنگ کاعمل سمجھی جائے گا، قومی طاقت کے مکمل دائرے میں پوری طاقت سے جواب دیا جائے گا، بھارت کے ساتھ تمام دوطرفہ معاہدوں کومعطل کرنے کا حق استعمال کریں گے، مسلح افواج کسی بھی غلط مہم جوئی کیخلاف دفاع کرنےکیلئےمکمل تیار ہیں، فروری 2019 میں بھارت کی لاپرواہ دراندازی کیخلاف ردعمل دے چکے ہیں۔   

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ  ملکی خودمختاری،سلامتی،وقاراورحقوق کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی، کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک حل طلب تنازعہ ہے،مسئلہ کشمیراقوام متحدہ کی متعددقراردادوں کے ذریعے تسلیم کیا گیا ہے، پاکستان کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھے گا، بھارت میں وقف بل کی جبری منظوری مسلمانوں کیخلاف تازہ کارروائی ہے، بھارت لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکامی کی مکمل ذمہ داری لے، پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کی واضح طور پر مذمت کرتا ہے،

اجلاس میں مزید کہا گیا  ہے کہ  پہلگام حملے کو پاکستان سے جوڑنے کی کوششیں فضول، عقل سےعاری ہیں، پاکستان میں بھارتی سرپرستی میں دہشتگردی کا ناقابل تردید ثبوت ہے، حاضر سروس بھارتی بحریہ کے افسر کمانڈر کلبھوشن جادھو کا اعتراف سامنے ہے۔ 

>