ایک نیوز:پاکستانی باکسر عثمان وزیر نے بھارتی حریف کو دو منٹ میں ناک آؤٹ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق باکسنگ مقابلہ ورلڈ سیام اسٹیڈیم، بینکاک، تھائی لینڈ میں منعقد کیا گیا تھا،ویلٹر ویٹ باؤٹ میں عثمان وزیر نے بھارتی باکسر ایسوران کو شکست دی۔
ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد نےعثمان وزیر کو شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ عثمان وزیر ایس ایس یو کی باکسنگ ٹیم کی تربیت میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں،ایس ایس یو کے برانڈ ایمبیسیڈر کی حیثیت سے وہ نوجوانوں کے لیے ایک عظیم مثال ہیں، عثمان وزیر نہ صرف رنگ میں ایک چیمپئن ہیں بلکہ استقامت، نظم و ضبط اور قومی وقار کی علامت بھی ہیں، ان کی یہ کامیابی ایک بار پھر پاکستان کو عالمی سطح پر فخر دلاتی ہے۔
واضح رہے کہ عالمی سطح پر ”ایشیئن بوائے“ کے نام سے جانے جانے والے عثمان وزیر اپنے پیشہ ورانہ کیریئر میں اب تک ناقابل شکست رہے ہیں۔
خیال رہے کہ عثمان وزیر کو حال ہی میں اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) کا برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا گیا تھا۔