ایک نیوز:پاکستان سپر لیگ کے سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے،آج دو روایتی حریف لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان نیشنل سٹیڈیم کراچی میں مقابلہ ہوگا۔
دونوں ٹیموں نے ایک ایک کامیابی حاصل کر رکھی ہے، پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کا چھٹا میچ لاہور قلندر اور کراچی کنگز کے درمیان نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔
لاہور قلندرز ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنا تیسرا میچ کھیلے گی پہلے کھیلے جانے والے دو میچز میں سے اس نے ایک میں کامیابی حاصل کر رکھی ہے جبکہ کراچی کنگز کی ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ پر دوسرا میچ کھیلے گی پہلے میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطان کو شکست سے دوچار کر رکھا ہے۔
لاہور اور کراچی کے درمیان اب تک 19 میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے 13 میچز میں کراچی کنگز جبکہ چھ میچز میں لاہور قلندر ٹیم کامیاب ہو سکی ہے،نیشنل سٹیڈیم کراچی میں اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان چھ میچ کھیلے گئے چار کراچی کنگز نے اور دو میچ لاہور قلندرز نے جیت رکھے ہیں ۔
پی ایس ایل کے پانچ میچز مکمل ہونے کے بعد دفاعی چیمپین اسلام آباد یونائیٹڈ چار پوائنٹس کے ساتھ پہلے، لاہور قلندرز دو پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، کراچی کنگز دو پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دو ہی پوائنٹس کے ساتھ چوتھے جبکہ ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں بغیر کسی پوائنٹ کیساتھ پانچویں اور چھٹے نمبر موجود ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ سیزن 10 میں پشاور زلمی کو دوسری شکست کا سامان کرنا پڑا تھا،اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 102 رنز سے ہرا دیا، 244رنز ہدف کے جواب میں پشاور کی ٹیم 141 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔
پشاور زلمی کے محمد حارث87رنز بنا کر نمایاں رہے ،کپتان بابر اعظم سمیت 8کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوئے، اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے5وکٹوں پر 243رنز بنائے ،صاحبزادہ فرحان نے 106 رنز کی اننگز کھیلی ،کولن منرو 40،سلمان آغا 30،جیسن ہولڈر نے 20 رنز بنائے ۔
اسلام آباد کے صاحبزادہ فرحان کا زلمی کے باؤلرز پر لاٹھی چارج ،صاحبزادہ فرحان کی 52 گیندوں پر 106 رنز کی دھواں دھار بیٹنگ کی۔