ایک نیوز:پاکستان سمیت آج دنیا بھر میں کھیلو ں کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔
23 اگست 2013 کو اقوام متحدہ نے ترقی اور امن کیلئے کھیلوں کا عالمی دن ہر سال 6 اپریل کو منانے کا فیصلہ کیا تھا جو 1896 میں ایتھنز میں پہلے جدید اولمپک گیمز کے آغاز کا دن تھا۔
کھیلوں کے عالمی دن کی مناسبت سے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف سعید کاکہنا ہے کہ یہ دن منانے کا مقصد کھیل کے میدان سے امن کے پیغام کو پوری دنیا میں عام کرنا اور معاشرے میں کھیلوں کے کردار ، احترام سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔
کھیلوں کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان، مثبت تبدیلی کے فروغ، رکاوٹوں کے خاتمے اور سرحدوں سے ماورا اتحاد کے لیے کھیلوں کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ کھیل، قومی ترقی، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور عالمی سطح پر پاکستان کی شنا خت اجاگر کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہیںاور یہی وجہ ہے کہ ہماری حکومت نے کھیلوں کو اپنے ترقیاتی ایجنڈے کا مرکزی ستون قرار دیا ہے،ہماری قومی کھیل پالیسی نچلی سطح پر شمولیت، ٹیلنٹ کی تلاش، صنفی مساوات اور ہمہ گیری کو فروغ دینے پر مرکوز ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر،شائقین کرکٹ کیلئے بڑا اعلان
شہباز شریف نے کہا کہ ہائی پرفارمنس اکیڈمی جیسے اقدامات کے ذریعے ہمارا ہدف نوجوان کھلاڑ یو ں کو سائنسی بنیادوں پر تربیت، مالی معاونت اور جدید سہولیات کی فراہمی کے ذریعے مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کرنا ہے،ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ بہتر انتظام مضبوط کھیلوں کی بنیاد ہے، حکومت کھیلوں کی قومی فیڈریشنز میں شفافیت، جوابدہی اور پیشہ ورانہ مہارت کو یقینی بنانے کیلئے اصلاحات متعارف کروا رہی ہے تاکہ ادارہ جاتی نظم و نسق کو بہتر بنایا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نےکھیلوں کے عالمی دن پر پیغام میں کہا ہے کہ کھیل اور امن کا عالمی دن منا نے کا مقصد معاشرے میں کھیلوں کے مثبت کردار کو اجاگر کرتا ہے،نوجوانوں، معمر افراد، معذور افراد اور دیگر پسماندہ علاقوں کے ہرنوجوان کو سپورٹس کے مساوی مواقع مہیا کئے جارہے ہیں ،سپورٹس ایونٹس معاشرے میں امن اور ترقی کی راہ ہموار کرتے ہیں ۔
مریم نوازکا کہنا تھا کہ ہر کمیونٹی کی سماجی ترقی اور امن کو فروغ دینے کے لیے امن کے طورپر منایا جاتا ہے، امن اور کھیل لازم و ملزوم ہیں امن ہوگا تو کھیل ہوں گے،کھیلوں کا عالمی دن منانے کا مقصد دنیا میں امن کا فروغ ہے،کھیل نوجوانوں میں ٹیم ورک، مسابقت اور برداشت پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کے لئے کھیلتا پنجاب پروگرام شروع کیا گیاہے، پنجاب میں پنک گینز امن اور مساوی ترقی کا استعارہ ہیں،حکومت کھیلوں کے فروغ کے لئے گراؤنڈ اور جمنیزیم بنا رہی ہے،پنجاب میں300 گراؤنڈ اور سپورٹس کمپلیکس بنانے کیلئے اقدامات کئے جار ہے ہیں۔