ایک نیوز
ایک نیوز
ایک نیوز
ایک نیوز
انتظار فرمائیے...

وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی، اماراتی اور کویتی سفرا کی  الگ الگ ملاقاتیں

سعودی عرب خطے میں امن و سلامتی کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے

02 May 2025

ویب ڈیسک:وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی، متحدہ عرب امارات کے سفیر عبید ابراہیم سالم الزابی اور کویت کے سفیر نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم  محمد  شہباز شریف سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ایوان وزیراعظم میں ملاقات کی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کیلئے  نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور وزیراعظم نے سعودی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کی تمام شکلوں اور مظاہر کی مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ برسوں میں انسداد دہشتگردی کی کوششوں میں بڑی قربانیاں دی ہیں، وزیراعظم نے بغیر کسی ثبوت کے پاکستان کو پہلگام واقعے سے جوڑنے کے بے بنیاد بھارتی الزامات کو یکسر مسترد کیا۔

محمد  شہباز شریف  نے واقعے کی شفاف اور غیر جانبدار بین الاقوامی تحقیقات کے اپنے مطالبے کا اعادہ کیا،انہوں نے کہاکہ پاکستان کی کامیابیوں کو خطرے میں ڈالنےاور ملک کو اقتصادی ترقی کی راہ سےہٹانے کی بھارتی کوششیں ناقابل فہم ہیں۔

انہوں نے سعودی عرب سمیت برادر ممالک پر زور دیا کہ وہ خطے میں کشیدگی میں کمی کیلئے  ہندوستان پر دباؤ ڈالیں، انہوں نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کیلئے  پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔

سعودی سفیر نےاس اہم معاملے پر اپنے خیالات کا اظہار کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہاکہ سعودی عرب خطے میں امن و سلامتی کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید ابراہیم سالم الزابی نے بھی وزیر اعظم ہاوس میں ملاقات کی۔

وزیر اعظم نے پاکستان کیلئے  متحدہ عرب امارات کی غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا، ملاقات میں پہلگام واقعے کے بعد خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خود دہشتگردی کا شکار رہا اور خطے میں دہشتگردی کے ہر واقعے کی مذمت کرتا ہے، انہوں نے کہاکہ دہشتگردی کیخلاف  جنگ میں پاکستان کو 90 ہزار جانوں اور 152 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔

وزیر اعظم نے بھارتی الزمات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے حالیہ اقدامات کا مقصد پاکستان کی توجہ دہشتگردی کے خلاف کی جانیوالی  کوششوں سے ہٹانا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا، سفیر نے علاقائی امن و سلامتی کیلئے  پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

دریں اثنا، وزیراعظم محمد شہباز شریف سے کویتی سفیر کی ملاقات ہوئی ہے، جس میں واقعہ پہلگام کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔

اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم کویت کے ولی عہد کے جلد پاکستان کے دورے کے منتظر ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتا ہے، پاکستان نے دہشت گردی سے نمٹنے ہوئے بہت قربانیاں دیں، بھارت نے واقعہ پہلگام کو بغیر ثبوت کے پاکستان سے جوڑا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی برادری کو واقعے کی شفاف تحقیقات کی پیشکش کی ہے، پاکستان ایسی کارروائی کا متحمل نہیں ہو سکتا، جس سے علاقائی امن و سلامتی کو خطرہ ہو۔

>