ایک نیوز: پاکستان میں کرپٹو معیشت کے منظرنامے کو نئی جہت دینے کیلئے تاریخی اقدام ،بائنانس کے بانی چانگ پینگ ژاؤ کو پاکستان کرپٹو کونسل کے اسٹریٹجک مشیر مقرر کردیاگیا ،چانگ پینگ ژاؤ (سی زیڈ) باضابطہ طور پر کرپٹو کونسل کے اسٹریٹجک مشیر مقرر کئے گئے ہیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان کرپٹو کونسل نے وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت سی زیڈ کے ساتھ اہم ملاقات کی ، ملاقات میں چیئرمین ایس ای سی پی، گورنر اسٹیٹ بینک اور وفاقی سیکرٹریز برائے قانون و آئی ٹی بھی شریک ہوئے۔
وزارت خزانہ کے مطابق سی زیڈ نے دورہ اسلام آباد میں وزیراعظم اور نائب وزیراعظم سے بھی علیحدہ ملاقاتیں کیں۔
وزارت خزانہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سی زیڈ کی تقرری ایک جرات مندانہ نئے دور کا آغاز ہے، پاکستان سنگاپور، دبئی اور سوئٹزرلینڈ کی صف میں کھڑا ہو گا، پاکستان ویب تھری کے لیے تیار ایک ترقی پسند قوم بننے جا رہا ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ یہ پاکستان کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے، دنیا کو واضح پیغام دے رہے ہیں کہ پاکستان جدت کے لیے تیار ہے، سی زیڈ کی شمولیت کے ساتھ ہمارا ویب تھری، ڈیجیٹل فنانس کا ویژن واضح ہوگیا، بلاک چین ترقی پاکستان کو علاقائی طاقت بنانے کیلئے ویژن میں تیزی لا رہے۔
سی ی او پاکستان کرپٹو کونسل بلال بن صقیب نے کہا کہ پاکستان مالیاتی دنیا کے مستقبل کے لیے اپنے دروازے کھول رہا ہے، اس سفر میں ہماری رہنمائی کے لیے سی زیڈ سے بہتر کون ہو سکتا ہے۔
اس موقع پر سی زیڈ کا کہناتھا کہ پاکستان 240 ملین سے زائد افراد کا ملک ہے، پاکستان میں سے 60 فیصد سے زیادہ کی عمر 30 سال سے کم ہے، وزارت خزانہ کی قائم کردہ پاکستان کرپٹو کونسل اس ڈیجیٹل تبدیلی کی قیادت کر رہی ہے۔