ایک نیوز:ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق حج پروازیں اب سے شیڈول کے مطابق سعودی عرب روانہ ہوں گی۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان کی فضائی حدود ہر قسم کی پروازوں کیلئے مکمل بحال کردی گئی، حج پروازیں اب سے شیڈول کے مطابق سعودی عرب روانہ ہوں گی۔
ترجمان وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ فلائٹ آپریشن کی وقتاً فوقتاً بندش کے باعث مجموعی طور پر 10 حج پروازیں منسوخ ہوئیں، لاہور سے 3، اسلام آباد سے 2 جبکہ کراچی اور ملتان کی ایک، ایک حج پرواز منسوخ ہوئی، فلائٹس منسوخی کے باعث 2 ہزار 290 عازمین کا شیڈول متاثر ہوا۔
ترجمان وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ ایک ہزار 277 عازمین کو خصوصی پروازوں کے ذریعے روانہ کیا جاچکا ہے، رہ جانے والے ایک ہزار 13 عازمین کو جلد خصوصی پروازوں کے ذریعے سعودی عرب روانہ کردیا جائے گا، اب تک 19 ہزار 669 پاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔
ترجمان وزارت مذہبی امور نے عازمین حج پروازوں کی معلومات کیلئے متعلقہ حاجی کیمپوں سے رابطے میں رہنے کی ہدایات کیں ہیں۔