ایک نیوز:پاکستان سپر لیگ کے اب تک ہونے والے نو ایڈیشنز میں بیٹنگ کے شعبہ میں بابر اعظم ٹاپ پر ہیں جبکہ باولنگ کے شعبہ میں وہاب ریاض کو سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل ہے، کامران اکمل اور عثمان خان کو ٹورنامنٹ میں تین تین سنچری بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔
پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایشن کے سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ آج سے شروع ہورہا ہے، اب تک ہونے والے نو ایڈیشنز میں پاکستان ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کو سب سے زیادہ تین ہزار پانچ سو چار رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔
پشاور زلمی کی قیادت کرنے والے بابر اعظم واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے تین ہزار کے سنگ میل کو عبور کر رکھا ہے، لاہور قلندرز کے فخر زمان دو ہزار 525 رنز کے ساتھ دوسرے، ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان 2 ہزار 403 رنز کے ساتھ تیسرے جبکہ سابق کپتان شعیب ملک 2 ہزار 336 رنز کے ساتھ چوتھے نمبر پر براجمان ہیں۔
باولنگ کے شعبہ میں سابق فاسٹ باولر وہاب ریاض 113 وکٹوں کے ساتھ پہلے، حسن علی 108 وکٹوں کے ساتھ دوسرے جبکہ لاہور قلندرز ٹیم کے شاہین شاہ آفریدی 103 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پی ایس ایل ٹین:میچز سے قبل اسلام آباد اورزلمی کوبڑا دھچکا،مین پلئیرز باہر
ٹورنامنٹ کے اب تک ہونے والے نو ایڈیشنز میں 24 سنچریاں سکور ہو چکی ہیں جن میں کامران اکمل اور عثمان خان کو تین تین مرتبہ سنچریاں بنا رکھی ہیں جبکہ بابر اعظم، فخر زمان، رولی روسو، جیسن روئے، شرجیل خان نے دو دو مرتبہ سنچری بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔
پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کو اب تک ہونے والے ٹورنامنٹس میں سب سے زیادہ 47 کیچز پکڑنے کا اعزاز بھی حاصل ہے، کیرن پولارڈ نے42اور محمد نواز نے39کیچ پکڑ رکھے ہیں۔
پاکستان کے سابق کپتان شعیب ملک کو سب سے زیادہ 91 میچز کھیلے کا اعزاز حاصل ہے، بابر اعظم اور عماد وسیم نے ٹورنامنٹ کے نوے نوے میچز کھیل رکھے ہیں، پی ایس ایل کے اب تک ہونے والے نو ایڈیشنز میں سب سے زیادہ میچز میں قیادت کے فرائض انجام دینے کا اعزاز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سرفراز احمد کو جاتا ہے جنہوں نے 88 میچز میں اپنی ٹیم کو لیڈ کیا۔
شاداب خان نے 55، عماد وسیم نے 51، محمد رضوان نے 48، ڈیرن سیمی نے 39، شاہین شاہ آفریدی نے 34 اور بابر اعظم نے 33 میچز میں قیادت کے فرائض انجام دے رکھے ہیں۔