ایک نیوز:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے لوئر دیر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو گھیرے میں لے کر ان کے ٹھکانے کے خلاف موثر کارروائی کی، سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا،سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے2خارجی دہشت گرد مارے گئے۔
ہلاک ہونے والے خارجی دہشت گردوں میں انتہائی مطلوب حفیظ اللہ عرف کوچوان بھی شامل تھا،
خارجی حفیظ اللہ عرف کوچوان سیکیورٹی فورسز اور شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی کئی کارروائیوں میں ملوث تھا ۔
یہ بھی پڑھیں : راولپنڈی کور میں تقریب تقسیم اعزازات کا انعقاد :آئی ایس پی آر
خارجی حفیظ اللہ عرف کوچوان دہشت گردی کی کارروائیوں کے باعث قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا ،حکومت کی جانب سے خارجی حفیظ اللہ عرف کوچوان کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر کی گئی تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے،سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کےلیے پر عزم ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نےلوئر دیر میں انتہائی مطلوب خارجی سمیت2خارجیوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا ہے، وزیراعظم نے کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کی پزیرائی کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے، ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ہماری دہشتگردوں سے جنگ جاری رہے گی۔